لاہور : (دنیا نیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے رحیم یار خان میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دو مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت احمد حسن اور غلام علی کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کارروائی کی ، گرفتار ملزمان حساس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کے لیے رحیم یار خان کے ایک چوک میں جمع ہوئے تھے ۔
اطلاع پر اہلکار موقع پر پہنچ گئے ، پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی ملزمان نے جائے وقوعہ سے غائب ہونے کی کوشش کی تاہم سی ٹی ڈی حکام نے گرفتاری سے قبل ملزمان کو گھیرے میں لے لیا۔
سی ٹی ڈی حکام نے ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، الیکٹریکل ڈیٹونیٹرز، غیر قانونی اسلحہ اور بم ڈیوائسز برآمد کر لیں ، ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پنجاب تندہی سے محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے اور دہشت گردوں اور ریاست دشمن عناصر کو سلاخوں کے پیچھے پہنچانے کی کوششوں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔