اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کی ضمانت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کردیئے گئے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں فواد چودھری کے وکلا نے ان کی ضمانت بعد از گرفتار ی دائر کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فواد چودھری پرجھوٹے الزامات لگائے گئے اور انہیں مقدمے میں غلط نامزد کیا گیا۔
درخواست میں فواد چوہدری کی ضمانت کی استدعا کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
بعد ازاں سیشن جج طاہر محمود نے درخواست ضمانت کی سماعت سے متعلق محفوظ فیصلہ سنایا جس میں سیشن جج نے کہا کہ تھانہ کوہسارکے متعلقہ مجسٹریٹ وقاص احمد درخواست پر سماعت کریں گے۔
سیشن جج کے فیصلے پر جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص احمد نے کہا کہ یہ درخواست ان کے دائرہ اختیار میں نہیں آتی لہٰذا وہ اس پر سماعت نہیں کرسکتے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ کے انکار پر سیشن جج طاہر محمود نے درخواست ضمانت سننے کے لیے ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی کوبھجوادی۔
ایڈیشنل سیشن جج فیضان گیلانی نے فواد چودھری کی درخواست ضمانت پر مختصر سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔