لاہور: (دنیا نیوز) لاہورکی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس نے سخت سکیورٹی میں فواد چودھری کو لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ اس موقع پر ان کو ہتھکڑی لگائی گئی تھی۔
لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ رانا مدثر نے کیس کی سماعت کی جبکہ اس موقع پر پولیس نے فواد چودھری کے رہداری ریمانڈ کی استدعا کی۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ کوہسار پولیس نے فواد چودھری کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اس لیے ملزم کی اسلام آباد منتقلی کے لیے راہداری ریمانڈ ضروری ہے۔
فواد چودھری کے وکیل نے کہا کہ اسلام آباد کا 4 گھنٹے کا راستہ ہے، راہداری ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے، یہ جائیں اور اسلام آباد میں جا کر پیش کریں، ایک روزہ راہداری ریمانڈ لے کر کہیں اور لے کر جانا چاہتے ہیں۔
فواد چودھری کے وکیل نے کہا کہ سفری ریمانڈ نہیں بنتا، ان کی ہتھکڑی بھی کھولی جائے، دونوں ہاتھوں کی بجائے ایک ہاتھ پر ہتھکڑی لگائیں۔
وکیل کے دلائل پر عدالت نے کہا کہ آپ فضول باتوں میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے فواد چودھری کا راہداری ریمانڈ منظور کر لیا اور ان کا سروسز ہسپتال سے میڈیکل کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ فواد چودھری کو میڈیکل کے بعد اسلام آباد روانہ کیا جائے، عدالتی حکم کے بعد پولیس فواد چوہدری کو لے کر روانہ ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فواد کیخلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر مقدمہ درج ہوا، تفصیلات سامنے آگئیں
فواد چودھری کو اسلام آباد منتقل کرنے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں پولیس ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا فواد چودھری کی گرفتاری کے خلاف عدالت جانے کا اعلان
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کو پنجاب پولیس نے لاہور سے ان کے گھر سے گرفتار کر لیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں فواد چودھری کی گرفتاری کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ’’ فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے، امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے ‘‘۔
فواد چوہدری کو پولیس نے ان کے گھر سے ابھی گرفتار کرلیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023
فرخ حبیب نے اپنے ایک اور پیغام میں چند گاڑیوں کی فوٹیج بھی شیئر کی اور دعویٰ کیا کہ پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چودھری کو گرفتار کر کے لے جا رہی ہیں۔
پولیس کی یہ گاڑیاں فواد چوہدری کو گرفتار کرکے لے جارہی ہے pic.twitter.com/CJXiAHO3fQ
— Farrukh Habib (@FarrukhHabibISF) January 25, 2023