لاہور: (دنیا نیوز) رات دیر گئے گرفتار ہونے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کے خلاف مقدمے کی تفصیلات سامنے آ گئیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کو اسلام آباد پولیس نے لاہور سے رات دیر گئے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب سے ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا اور اب اطلاعات ہیں کہ اسلام آباد پولیس فواد چودھری کو موٹر وے کے ذریعے لیکر اسلام آباد روانہ ہو گئی ہے۔
فواد چودھری کے خلاف درج مقدمے کی تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں، پی ٹی آئی رہنما کے خلاف مقدمہ گزشتہ رات تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا تھا اور فواد چودھری کے خلاف کارروائی سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کی درخواست پر کی گئی۔
ایف آئی آر کے مطابق فواد چودھری نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن کی حیثیت ایک منشی کی ہو گئی ہے، جو لوگ نگران حکومت میں لگ رہے ہیں ان کا سزا ہونے تک پیچھا کریں گے، حکومت میں شامل لوگوں کو ان کے گھروں تک چھوڑ کر آئیں گے۔
فواد چودھری کیخلاف درج مقدمے میں کار سرکار اور دھمکی دینے کی دفعات شامل ہیں، مقدمے میں 153اے ،124اے ،505 اور506 کی دفعات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
فواد چودھری نے الیکشن کمیشن، ان کے ممبران اور ان کے خاندانوں کو بھی خبردار کیا تھا۔
پولیس ذرائع کا بتانا ہے کہ فواد چودھری کو اسلام آباد منتقل کرنے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اسلام آباد پولیس فواد چودھری کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کرے گی۔