سندھ حکومت کی درخواست پھر مسترد، بلدیاتی انتخابات کل ہی ہونگے: الیکشن کمیشن

Published On 14 January,2023 02:10 pm

کراچی: (دنیا نیوز)الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی درخواست کو پھر مسترد کرتے ہوئے کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہی کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے ہیڈ کوارٹرز میں چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

سیکرٹری الیکشن کمیشن عمرحمید اور کراچی سے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت کی ایک بار پھر بلدیاتی انتخابات کرانے سے معذرت

الیکشن کمیشن میں اہم مشاورتی اجلاس ختم ہوگیا ہے جس میں کل ہی کراچی، حیدرآباد اور دادو میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بھی کل ہی کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تصدیق کی ہے۔

الیکشن کمیشن اجلاس کا اعلامیہ
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، اعلامیے کے مطابق کراچی، حیدر آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے سے متعلق سندھ حکومت کے مراسلے کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ سندھ حکومت پر امن انتخابات کے لئے فول پروف انتظامات کرے۔

دوسری جانب صوبائی الیکشن کمیشن کے ترجمان اعجاز انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات کل ہوں گے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لئے تیار ہے، ہم الیکشن کمیشن کے احکامات کے پابند ہیں، سندھ حکومت بھی آئینی طور پر پابند ہے کہ اس حوالے سے جو بھی ذمہ داریاں ہیں اسے نبھائے۔

واضح رہےکہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے کل کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے جبکہ حساس اداروں کی جانب سے بھی سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انتخابات کے التوا کی درخواست کی گئی ہے۔