لاہور: (دنیا نیوز) سابق گورنر پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما عمر سرفراز چیمہ نے کہا ہے کہ 13 جماعتی ڈاکوؤں کے ٹولے نے پہلے بھی واردات کرنے کی کوشش کی تھی، اب یہ دوبارہ ارکان کی منڈی لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر سرفراز چیمہ نے کہا کہ ہمیں پتا تھا ان کے پاس نمبرز پورے نہیں، عدم اعتماد کا ایک طریقہ کار ہے، عدم اعتماد کا ہمیں کوئی مسئلہ نہیں، گورنر پنجاب کا اعتماد کا ووٹ لینے کا طریقہ کار غلط تھا، عدالت نے گورنر کے آرڈر کو مسترد کیا، یہ میڈیا میں آکر بڑھکیں مارتے ہیں، بڑھکیں مارنے کا مقصد اپنی نالائقی سے توجہ ہٹانا چاہتے ہیں۔
سابق گورنر پنجاب نے کا مزید کہنا تھا کہ ایک طرف ملک کو دہشت گردی کا سامنا دوسری طرف وزیر داخلہ پنجاب میں ووٹوں کی سودے بازی کر رہا ہے، یہ لوگ اپنے بندوں کی فکر کریں، آصف زرداری، شہباز شریف گینگ مسلسل اسی کوشش میں ہے، یہ این آر او ٹو کے تحفظ کیلئے اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔