متحدہ قومی موومنٹ سے کبھی تعلق نہیں رہا، گورنر جب آنا چاہیں آ سکتے ہیں، آفاق احمد

Published On 04 January,2023 07:48 pm

کراچی: (دنیا نیوز) مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ میرا متحدہ قومی موومنٹ سے کبھی تعلق نہیں رہا، گورنر صاحب پہلے بھی آتے رہے جب آنا چاہیں وہ آسکتےہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان، پی ایس پی اور بحالی تنظیم کمیٹی کے انضمام کی بات ہو رہی ہے، بات ان دھڑوں کی ہےجومتحدہ سےالگ ہوئے تھے، اس ساری صورتحال میں مہاجر قومی موومنٹ کا نام بھی آ رہا ہے۔

آفاق احمد نے کہا کہ میں فاروق ستار کے گھر والدہ کے انتقال پر گیا، سیاسی بات نہیں کی، گورنر سندھ کا دوبار فون آیا، مصروفیت کےباعث رسیو نہیں کر سکا، میں نے گورنر سندھ کو فون کیا لیکن انہوں نے فون رسیو نہیں کیا۔

چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا کہ کراچی میں لوٹ مار اور قتل و غارت گری بڑھ گئی ہے، گزشتہ سال کراچی میں 56 ہزار سٹریٹ کراٸم کی وارداتیں ہوئیں، کراچی پولیس کو 126 ارب روپے ادا کیے جاتے ہیں، اگر پولیس تحفظ نہیں کر سکتی تو پھرعوام کو اسلحہ رکھنے کی اجازت دی جائے۔

آفاق احمد نے کہا کہ موباٸل فون چھینےمیں مزاحمت پر 56 نوجوان قتل کر دیئے گئے، اندرون سندھ حادثاتی موت پر بھی معاوضہ دیا جاتا ہے لیکن کراچی میں کسی کو کچھ نہیں دیا گیا، کراچی میں سٹریٹ کراٸم کا نشانہ بننے والے افراد کے اہل خانہ کی 25 لاکھ فی کس مدد کی جائے۔