لاہور: (دنیا نیوز) دھند کے باعث لاہور، ملتان اور لاہور سیالکوٹ سمیت متعدد موٹرویز کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا، ترجمان موٹر وے پولیس نے مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے رجانہ جبکہ لاہور اسلام آباد موٹروے ٹھوکر نیاز بیگ سے کالا شاہ کاکو اور ایم ٹو موٹروے لاہور سے کوٹ مومن تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی ہے۔
ترجمان موٹرویز نے بتایا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون کو بھی دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے جبکہ موٹر وے پولیس کی جانب سے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔