لاہور: (دنیا نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم سے جو وعدے کیے انہیں پورا کرے، نفاق کے بجائے اتفاق وقت کا اہم تقاضا ہے، تمام سیاسی جماعتیں مل کر ملک کی بہتری کے لیے کام کریں۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے لاہور میں داتا دربار پر حاضری دی، انہوں نے داتا دربار میں فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
داتار دربار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ داتا دربار حاضری سے روحانی سکون حاصل ہوا ہے، یہ آخری موقع ملا ہے کہ ایک دوسرے کے ساتھ مل کر پاکستان کو بنائیں، ہم جس جگہ پر کھڑے ہیں وہاں سب کو اپنی نیت ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت اتفاق کی ضرورت ہے، اتفاق کے بجائے نفاق کو جنم دیا تو اتحاد ختم ہو سکتا ہے، کراچی میں تمام دوستوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کر دیا، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ وہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے اس متعلق بات کریں گے۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن اور وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ملاقاتیں ہوئیں، کراچی روشنیوں کا شہر اور معیشت کا حب سمجھا جاتا تھا مگر اس کو نظر لگ گئی، حضرت داتا گنج بخش علی ہجویریؒ کے مزار پر پاکستان اور کراچی کے لیے دعا کی ہے، دعا گو ہوں کہ اللہ اس لاہور کو بھی نظرِ بد سے بچائے۔