پنجاب میں ڈیجیٹل مردم شماری کیلئے سکیورٹی انتظامات مکمل کرنے کا حکم

Published On 28 December,2022 10:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سول سیکرٹریٹ میں صوبائی رابطہ کمیٹی برائے ڈیجیٹل مردم شماری کا اجلاس ہوا جس میں مردم شماری کیلئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ مردم شماری اہم قومی ذمہ داری ہے، ملک کے مستقبل کے سیاسی و اقتصادی منظر نامہ کا انحصار بڑی حد تک مردم شماری سے حاصل شدہ ڈیٹا پر ہو گا، افسران اور عملہ اس کام کو قومی فریضہ سمجھ کر سر انجام دیں اور اس حوالے سے صوبائی محکمے وفاقی ادارہ شماریات سے تعاون کو یقینی بنائیں۔

اجلاس کے دوران ممبر سپورٹ سروسز ادارہ شماریات سرور گوندل نے ڈیجیٹل مردم شماری کے ورک پلان کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے 33اضلاع میں ڈیجیٹل مردم شماری کا کام بطور پائلٹ پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، صوبہ پنجاب میں مردم شماری کیلئے مجموعی طور پر 61 ہزار فیلڈ سٹاف فرائض سر انجام دیں گے، 328 ماسٹر ٹرینرز کی تربیت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔