عدالت کا پرویز الٰہی کو سٹے آرڈر پر اختیارات دینا عوام کیساتھ ظلم ہے: رانا ثناء

Published On 24 December,2022 01:44 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عدالت سو موٹو لے اور پنجاب کو معاشی اور کرپشن کی تباہی سے بچائے، ان کو سٹے آرڈر کے اوپر اختیارات دینا پنجاب کے عوام کے ساتھ ظلم ہے۔

وفاقی وزراء کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں آئینی ادارے اور جمہوریت کی بنیاد ہیں، گورنر کی آئینی ذمہ داری تھی کہ وزیر اعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں، سپیکر کو کہا گیا آپ نے اجلاس نہیں بلانا ہمارے پاس اکثریت نہیں ہے، اگر آپ کے پاس بندے پورے ہیں تو صبح اعتماد کا ووٹ لے لیں معاملہ ختم ہو جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی نے کہا ہمارے 99 فیصد لوگ اسمبلی توڑنے کے حق میں نہیں، عمران خان نے پنجاب اور خیبر اسمبلی توڑنے کی بات کی، باپ بیٹے نے ایک پراجیکٹ میں اربوں کی دیہاڑی لگائی ہے، ہارس ٹریڈنگ اور کرپشن کا بازار گرم ہے، اب ایک ایک دن پنجاب کے خزانے پر بھاری ہو جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہم ایک آئینی تبدیلی کے ذریعے عمران خان کی گورنمنٹ کو نکال کر وفاقی گورنمنٹ میں آئے، ہم نے شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت بنائی،ہم اس وقت حکومت میں آئے جب ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا،عمران خان کی گزشتہ پونے 4 سالہ پالیسیوں نے پاکستان کو بالکل ڈیفالٹ اور فالٹ کی لائنز پر لاکھڑا کر دیا تھا۔

خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی تمام خرابیوں اور گناہوں کا بوجھ ہم نے اٹھایا، ہم نے اپنی سیاست داؤ پر لائی اور ریاست کا دفاع کیا، ہم نے شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو خطرناک صورتحال سے نکالا، پی ٹی آئی، عمران خان اور ان کے سہولت کاروں نے ہمیں کام نہیں کرنے دیا،یہ مسلسل ہمارے راستے میں کھایاں اور گڑھے کھود رہے ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ چودھری شجاعت کا بھی کہنا ہے کہ اسمبلیوں کے ساتھ ایسا مذاق ٹھیک نہیں، اتحادی حکومت آئندہ بھی عوام کے حق میں اچھے فیصلے کرے گی، اعتماد کے ووٹ والے دن ثابت ہوگا کہ کتنے لوگ چودھری شجاعت کے زیر اثر ہیں، جس طرح سے لوگ چودھری شجاعت کے ساتھ لوگ رابطوں میں آرہے ہیں، ہم پر امید ہیں۔