جنرل (ر) باجوہ کیخلاف بولنے والا عمران خان ماضی میں کیوں چپ رہا: فیصل کریم کنڈی

Published On 18 December,2022 08:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ کے خلاف بولنے والا عمران خان ماضی میں کیوں چپ رہا، ماضی میں عمران خان چوریاں چھپانے کیلئے چپ رہا، قوم عمران خان سے پوچھتی ہے، فلڈ فنڈز کے اربوں روپے کہاں گئے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے ایک بار پھر اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ دی ہے، پیپلزپارٹی پنجاب، کے پی میں الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہے، لگتا ہے شاید پی ٹی آئی کی اکثریت اگلا الیکشن جیل سے لڑے گی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اپنی جماعت، حکومت کو تجویز دیتا ہوں عمران خان کی خواہش جلد پوری کریں، عمران خان اسمبلیاں تحلیل کریں حکومت فوری انتخابات کرا دے گی، پرویز الہی نے عمران خان کو محسن کش قرار دے دیا ہے، سیلاب زدگان کے پندرہ ارب روپے کہاں گئے خان صاحب ؟ سیلاب زدگان کے پیسے لگے ہوئے کہیں نظر کیوں نہیں آرہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ گھر کی چیزیں تک بیچ دیں گئیں اب آڈیو لیکس آرہی ہیں، گھر کی چیزیں کون بیچتا ہےسب جانتے ہیں، کل اعلان کیا گیا تھا اور آج پرویز الہٰی سامنے آ گئے ہیں، یوٹرنز لینے والے ہیں اور اب دیکھنا ہوگا کہ اب کب یوٹرن آتا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے یو این میں بھارت کو آئینہ دکھایا، بھارت میں ایک خاص جماعت کو اس پر بہت تکلیف ہوئی، آر ایس ایس نے بھارت میں اس پر احتجاج کی کال دی، سب کے سامنے ہے کہ مودی گجرات میں وزیر اعلیٰ تھے تو مسلمانوں کے قتل عام کیا، بلاول بھٹو کی آواز ہر پاکستانی ہر جمہوریت پسند کی آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں نے بلاول بھٹو کے بیان کو ویلکم کیا، ماضی میں یو این فورم پر پاکستان کی آوازیں دبائی جاتیں تھیں، بلاول بھٹو کے بیان کو بھارت سے بھی سپورٹ مل رہی ہے، بھارت کی سیاسی جماعتوں کی طرف سے خاص کر کے کانگریس نے بھی سراہا، گزشتہ روز بھی ہماری پریس کانفرنس ہوئی اس پر بھارت میں واویلا مچایا گیا۔