اسلام آباد: ( دنیا نیوز ) وزارت داخلہ کے حکم پر امریکی سائفر کی تحقیقات کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو دوبارہ طلب کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے افسر طلبی کے سمن لیکر زمان پارک پہنچا، سائفر کیس میں ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کے حکم پر تحقیقات کا آغاز کر دیا، تحقیقاتی ٹیم میں ایف آئی اے لاہور کے اعلیٰ افسران شامل ہیں۔
ایف آئی اے نے اس سے قبل بھی عمران خان کو طلبی کے نوٹس جاری کئے تھے، عمران خان کو اس سے قبل 7 نومبر اور شاہ محمود قریشی کو 3 نومبر کو طلب کیا گیا تھا، پی ٹی آئی چیئرمین وزیر آباد حملہ کیس میں زخمی ہونے کے باعث ایف آئی اے پیش نہیں ہوئے تھے۔
ایف آئی اے نے دوبارہ طلبی کے لیے سمن جاری کئے اور زمان پارک استقبالیہ پر نوٹس کی تعمیل کرواتے ہوئے 6 دسمبر کو اسلام آباد طلب کیا ہے۔