جمہوریت پسند سیاستدان اداروں کو مارشل لاء پر نہیں اکساتا: شیری رحمان

Published On 01 November,2022 02:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کا مارشل لاء لگانے کا بیان قابل مذمت ہے، جو سیاستدان 26 سال سیاسی جدوجہد کا دعویٰ کرتا ہے وہ یہ نہیں کہتا کہ مارشل لا لگانا ہے تو لگا دو۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ جمہوریت پسند سیاستدان اداروں کو مارشل لا لگانے پر نہیں اکساتا، عمران خان چاہتے ہیں ملک میں مارشل لا لگے، عمران خان چاہتے ہیں وہ اقتدار میں نہیں تو کوئی اور بھی نا ہو۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ جمہوری اور آئینی نہیں فاشسٹ سوچ کی نشانی ہے، ادارے کہ رہے ہیں ہم سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے یہ کہتے ہیں مداخلت کرو اور مجھے اقتدار میں لاؤ، ان کا مقصد ہے ڈیل دو یا مارشل لا لگاؤ، کیا کوئی پارلیمانی اور آئینی جمہوریت میں یقین رکھنے والا سیاست دان اداروں سے غیر آئینی کام کرنے کا مطالبہ کرسکتا ہے؟

رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی 26سال کی جدوجہد صرف چیرٹی کے نام پر پیسے کھانے میں گزری ہے، کون سا سیاست دان اداروں سے غیر آئینی مداخلت یا مارشل لا لگانے کا مطالبہ کرتا ہے؟۔