فسادی ٹولے کو خبردار کرتا ہوں قانون ہاتھ میں نہ لیں: رانا ثناء اللہ کی وارننگ

Published On 21 October,2022 05:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے کہ مخالفین کو چور چور کہنے والے عمران خان کو آج الیکشن کمیشن نے گٹھیااور سرٹیفائیڈ چور ثابت کر دیا ہے ، عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج ہوگا ، یہ ایسی چوری ہے جس میں مقدمہ درج ہونے سے پہلے ہی سب کچھ ثابت ہے ،پنجا ب او رکے پی کے کے آئی جیز ، چیف سیکرٹریز کو کہتا ہوں کہ وہ چور کے تابع بننے کی بجائے ریاست اور قوم کے ساتھ کھڑے ہوں ، فتنہ اور فسادی ٹولے کو خبردار کرتا ہوں کہ عوام کے لئے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں ، 2023 کے الیکشن میں عمران خان کی جعلی مقبولیت اور بیانیے کا پروپیگنڈا زمین بوس ہوجائے گا،فسادی ٹو لے کو خبردار کرتا ہوں کہ وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ آج چور پکڑا گیا ہے ،الیکشن کمیشن نے اس چور کو پکڑا ہے ، اپنی طرف سے، اپنی قیادت ، پاکستانی قوم اور مسلم لیگ ن کی طرف سے الیکشن کمیشن کی جانب سے فتنہ خان کو بے نقاب کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، الیکشن کمیشن نے عمران خان کے مکروہ چہرے اور جعلی صادق و امین کو بے نقاب کیا ، پاکستان مسلم لیگ کی تمام تنظیموں اورپارلیمنٹرینز سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پرامن طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اپنے حلقوں اور شہروں میں باہر نکلیں ، اللہ تعالی کا شکر ادا کریں او ر شکرانے کے نوافل پڑھیں

۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خان نے قوم کے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ، ہرمحب وطن پاکستا نی اور ادارے کایہ فرض ہے کہ وہ اس کی شناخت اور اس فتنے کا سرکچلنے میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ خان یونیورسٹیوں میں جاکر نئی نسل میں نفرت کے بیج بو رہا ہے ، وہ کہتا ہے کہ میں اپنے مخالفین سے بات چیت کی بجائے خودکشی کو ترجیح دوں گا ، کیا یہ جمہوری رویہ ہے؟ یہ فتنہ خان غیر ملکی ایجنڈے پر کارفرما ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مخالفین کو چور چور کہنے والے کو الیکشن کمیشن نے گٹھیا چور ثابت کر دیا ہے ، ملک کے سربراہ کے طور پر بیرون ممالک کے دوروں کے دوران ملنے والے تحائف فروخت کرنے کے لئے عمران خان نے دوبئی کے بازاروں کا رخ کیا ۔ عمران خان کا تکبر اور غرور خاک آلود ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے پولیس افسران اور اتنظامیہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ چور کے تابع بننے کی بجائے ریاست اور قوم کے ساتھ کھڑے ہوں ، پنجاب میں لوگوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، خفیہ ایجنسیوں سے موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق مخصوص مقامات پر 30 سے 40 لوگ باہر نکلے ، جو ٹریفک میں خلل ڈال رہے ہیں ، پنجاب اور کے پی کے کے آئی جیز ، آر پی اوز اور چیف سیکرٹریز عوام کی مشکلات کو دور کریں اور چور ٹولے کے حواریوں سے نمٹیں ۔

انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں بیٹھے ہوئے چوروں سے کہتا ہوں کہ ابھی تو ایک کیس کا فیصلہ ہوا ہے ،ابھی پنکی پیرنی ،سمیت دیگر کیسز کے فیصلے باقی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو الیکشن کمیشن کا فیصلہ پسند نہیں آیا تو متعلقہ فورم سے رجوع کریں ، لوگوں کو اپنی چوری کی سزا نہ دیں ۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ عمرا ن خان نے یہ بھی جھوٹ بولا ہے کہ تحائف بیچ کر سڑک بنائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ اور فسادی ٹولے کو خبردار کرتا ہوں کہ عوام کے لئے مشکلات پیدا کرنے سے گریز کریں ، عمران خان کے خلاف فیصلہ ہمیشہ رہنا ہے اور یہ حقائق کی بنیاد پر ہے ۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے اتنی گٹھیا چوری کر کے ملک اور قوم کو شرمندہ کیا ہے ،ایسا عمل کبھی کسی نے نہیں کیا ۔ عمرا ن خان نے انسانیت ، غریب مریضوں او رطلباکے نام پر جو فنڈز اکٹھے کیے ہیں اس کی پڑتال کی جائے تو اس میں بھی ایسا ہی ہوگا ۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج ہوگا ، یہ ایسی چوری ہے جس میں مقدمہ درج ہونے سے پہلے ہی سب کچھ ثابت ہے ۔ عمران خان نے اس قوم کو 50 ارب کا ٹیکہ لگا کر 5 ارب کی جگہ القادر ٹرسٹ کے نام پر حاصل کی، القادر ٹرسٹ میں خود اور ان کی اہلیہ ٹرسٹی ہیں، اس میں اختیارات اتنے ہیں جتنے خاندانی جائیداد میں بھی نہیں ہوتا ۔ عمران خان کے خلاف حقائق سب کے سامنے ہیں ، فیصلے کے خلاف عمران خان کو اپیل کا حق ہے ہم اس کا دفاع کریں گے اور ضرورت ہوئی تو اس سے اگلے درجے کی عدالت رجوع کریں گے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ساری زندگی کسی پر الزام نہیں لگایا ، اس کے برعکس عمران خان ہر وقت چور چور کہتا تھا اور آج رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آڈیو لیکس میں امریکی سازش پر کھیلنے کی باتیں کیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومتیں تھیں ، اس طرح ہونے والے ضمنی الیکشن میں صوبائی حکومتوں سے فرق پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ باقی حلقوں کی طرح پی ٹی آئی نے فیصل آباد میں بھی 8 ہزار سے زائد لوگوں میں ایک پروگرام کی آڑ میں 20ء20 ہزار روپے خرچ کیے ہیں ، ثانیہ نشتر دکھی انسانیت نہیں پی ٹی آئی الیکشن کی خدمت کررہی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 2023 کے الیکشن میں جعلی مقبولیت اور بیانیے کا پروپیگنڈا زمین بوس ہوجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف انتہائی دیانتدار ، میرٹ پر یقین رکھنے والا انسان ہے ، 10 سال صوبے میں اور پھر مرکز میں خدمات سرانجام دیں ، ہر فرض دیانتداری سے ادا کیا ، حلف کے مطابق قومی معاملات کسی پر ظاہر نہیں کیے ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلقہ رولز اور طریقہ کار کے مطابق جس جس سے مشاورت کرنا لازم ہوگا ضرور کریں گے اور اپنے حلف سے کبھی روگردانی نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے نواز شریف سے درخواست کی ہے کہ وہ آئندہ الیکشن مہم کی قیادت کریں ،میرے خیال کے مطابق وہ اس کے لئے تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دعوی سے کہتا ہوں کہ ریڈ زون میں فورسز کو بھی اس طرح اسلحہ لیجانے کی اجازت نہیں ہے ، کیسے ایم این اے کو مسلح گارڈ فراہم کیا گیا ہے ؟ اگر کیے جانے والا فائر کسی کو لگ جاتا تو الزام حکومت پر لگایا جاتا ، اس معاملے کا پوری طرح سے جائزہ لے رہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بطور ادارہ فوج غیر جانبدار ہے ، اگر کسی نے انفرادی طور پر ملاقات کی ہو تو وہ الگ بات ہے لیکن کسی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس طرح کی ملاقات کی تصدیق نہیں کی ہے ۔