اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے ملک بھر میں احتجاج کے ساتھ ساتھ اہم شاہراؤں کو بند کرنا شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیا گیا ہے جس کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک بھر میں احتجاج کی کال دے دی ہے۔
مختلف شہروں میں موٹروے اور اہم سڑکیں بند ہونے سے غیریقینی کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں پولیس اور دیگر سکیورٹی اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔
احتجاج کی ہدایت ملنے پر پی ٹی آئی پشاور کی قیادت نے پشاور موٹر وے انٹر چینج ایم ون بند کردیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں نے فیض آباد سے زیرو پوائنٹ ہائی وے بلاک کردی ہے۔ کارکنوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال جانے والا راستہ بھی بند کر دیا۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں لاہور میں پی ٹی آئی کے حامیوں نے احتجاج شروع کردیا۔ کارکنوں نے میٹرو بس سروس بھی بند کردی اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کی۔
دوسری طرف راولپنڈی میں تحریک انصاف کے کارکنان فیض آباد پہنچ گئے اور انہوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی۔ سڑک بلاک کرنے والوں میں ایم این اے راشد شفیق، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم، ایم پی اے عمر تنویر بٹ اور دیگر شامل ہیں۔
دوسری طرف ملک کے دیگر شہروں رحیم یار خان، ساہیوال، گوجرانوالا، ملتان، فیصل آباد، کراچی سمیت دیگر شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔
اس سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ فیصلہ 22 کروڑ لوگوں کے منہ پر طمانچہ ہے، لوگ اس کے خلاف اپنے حق کے لیے باہر نکلیں۔ آج پاکستان میں انقلاب کی ابتدا ہو چکی ہے، پوری قوم اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے، انشاءاللہ اب ان طاقت کے ایوانوں کو الٹا کر ہی آئین کو بچایا جا سکتا ہے۔