اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن ایکسچینج ایکٹ مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست غیرمؤثر ہونے پرنمٹا دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی، عمران خان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔
دوران سماعت وکیل نے کہا کہ عمران خان نے کل ٹرائل کورٹ کے سامنے سرنڈر کر دیا ہے، جس پر جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ پھرتویہ کیس غیر مؤثر ہو گیا۔
وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ 2 پوائنٹ عدالت کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں پھرعدالت فیصلہ کردے، جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں معاملہ زیرالتواء ہے، جسٹس محسن اختر نے ٹرائل کورٹس سے رپورٹ مانگی ہے۔
عدالت نے کہا کہ اسی قسم کے کیس میں شریک ملزم کا کیس زیر التواء ہے تو وہ معاملہ تو حل ہو جائے گا، ایڈیشل اٹارنی جنرل نے کہا کہ معاملہ سپیشل جج سینٹرل نہیں بلکہ سپیشل جج بینکنگ کا تھا۔
ایڈیشل اٹارنی جنرل نے عدالت سے آرڈر کی درستگی کی استدعا کردی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے معاملہ ایک اور عدالت میں زیرالتواء ہونے پر درخواست نمٹادی۔