لاہور: (لیاقت انصاری سے)وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو نشتر ہسپتال واقعہ کی انکوائری رپورٹ پیش کردی گئی، وزیر اعلی نے رپورٹ کی روشنی میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے شعبہ اناٹومی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر مریم اشرف، ڈیموسٹیٹر ڈاکٹر عبدالوہاب اورڈیموسٹیٹر ڈاکٹرسیرت عباس کو عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر لاشیں پھینکنے کے واقعہ کے بارے میں ابتدائی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی وزیر ا علی نے نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ پر سخت ایکشن لینے کا حکم دیا وزیر اعلی کی ہدایت ہر غفلت کے ذمہ دارنشتر ہسپتال کے3ڈاکٹرز، 3 ملازمین اورمتعلقہ تھانوں کے 2ایس ایچ اوز معطل کردیا گیا ایس ایچ اوتھانہ شاہ رکن عالم کالونی عمر فاروق اورایس ایچ او تھانہ سیتل ماڑی سعید سیال بھی معطل کردیئے گئے۔
نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے ملازمین غلام عباس،محمد سجاد ناصراورعبدالروف کو بھی معطل کردیاگیا وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کا حکم دیا چوہدری پرویز الہئ کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں لاشوں کے ساتھ ایسا برتاؤ قبول نہیں۔اس گھناؤنے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔دین اسلام میں لاشوں کی تجہیز و تدفین کی تعلیمات بالکل واضح ہیں۔لاشیں چھت پر پھینک کر غیر انسانی فعل کا ارتکاب کیا گیا ہے۔لاشوں کی بے حرمتی کا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو نشتر ہسپتال ملتان میں پیش آنیوالے واقعہ کے بارے میں کی گئی انکوائری رپورٹ کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں صوبائی وزیرسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین ر اشد،سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی،انسپکٹر جنرل پولیس فیصل شاہکار،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن (ر)اسد اللہ،سپیشل سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔