پنجاب میں تبدیلی کیلئے اپوزیشن اپنا رانجھا راضی کر رہی ہے: وزیراعلیٰ پنجاب

Published On 14 October,2022 08:03 pm

لاہور: (لیاقت انصاری سے) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف استعفی دے کر اب گھر چلے جائیں- پنجاب اسمبلی میں تبدیلی کے لیے اپوزیشن اپنا رانجھا راضی کر رہی ہے۔

پی کے ایل آئی میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چودھری پرویز الہی نے کہا کہ شہباز شریف کو ہمارے بنائے ہوئے ہسپتال فنکشنل کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ شہباز شریف نے اپنی انا کی خاطر ہمارے بنائے اداروں پر کوئی کام نہیں کیا۔ ہم نے ان کے اداروں کو نہیں روکا۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کو بھی چلایا ہے ۔شہباز شریف نے اپنے دور میں ہیلتھ سیکٹر برباد کیا ، یہ سیکٹر بالکل بیٹھ گیا تھا ۔شہباز شریف نے 15 برس ہر سیکٹر برباد کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت گرفتاریوں سے نہیں ڈرتی۔ لانگ مارچ کی ایک کال سے ساری پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور شریف خاندان سہم جاتا ہے، میں تو کہتا ہوں شہباز شریف استعفی دے کر اب گھر چلے جائیں- نواز شریف کے ساتھ 22 سال اکٹھا رہا ہوں، انہیں اچھی طرح جانتا ہوں۔ یہ ریڈار لگا کر پہلے زمین پر دیکھتے ہیں، گیلی جگہ دیکھ کر پاؤں نہیں رکھتے-

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن پہلے اپنے نمبر تو پورے کرلے۔ جب میدان لگے گا تو 186 اراکین اپوزیشن نے پورے کرنے ہیں۔ اپوزیشن اپنا رانجھا راضی کر رہی ہے، انہیں کرنے دیں۔ پہلے وہ ایک سو چھیاسی ارکان شو کریں جب اپوزیشن اراکین شو کرے گی تو ان کے اراکین آدھے رہ جانے ہیں۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ راناثناء اللہ لاہور آکر دیکھ لیں، ،وزیر داخلہ کو پنجاب آنے دیں پھر پتہ چل جائے گا۔ ماڈل ٹاؤن کیس پر ان کو بھاگنے کی جگہ نہیں ملے گی۔

وزیراعلیًٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شریفوں نے بہت ڈرامہ لگایا ہوا تھا شہبازشریف ڈلیور کرتا ہے۔ ساری پی ڈی ایم کہتی تھی شہباز شریف نے آتے چابی لگانی ہے اور موٹر سٹارٹ کر دینی ہے۔ شہباز شریف بُری طرح ایکسپوز ہو گیا ہےوفاقی حکومت نے سیلاب کے لئے ایک دمڑی نہیں دی- عمران خان کی وجہ سے ٹیلی تھون کے سے اڑھائی ارب روپے جمع ہوئے۔ پنجاب حکومت نے اڑھائی ارب روپے کے فنڈز سے سیلاب متاثرین کی مدد کی۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب میں ایمرجنسی میں ساری ادویات مفت کردی ہے۔جو ڈاکٹر کام کرتے ہیں ان کی تنخواہ ڈبل کردی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے انسٹیٹیوٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کا افتتاح کر دیا

وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسٹی ٹیوٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کا افتتاح کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کادورہ کیا اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج کی سہولت کی فراہمی پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد اور محکمہ صحت کے حکام کی تعریف کی۔

صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن،، چیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے

چودھری پرویز الٰہی نے بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ میں علاج کی جدید ترین سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کے افتتاح پر دلی خوشی ہوئی ہے۔بون میرو ٹرانسپلانٹ کے آپریشن پر 25 لاکھ روپے تک خرچ ہوتے ہیں۔ ہماری حکومت نادار مریضوں کو بون میرو ٹرانسپلانٹ کے علاج کی سہولت مفت فراہم کرے گی۔بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ ابتدائی طورپر17بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ پی کے ایل آئی میں کڈنی کے 375اورلیور کے 300ٹرانسپلانٹ آپریشن کئے جا چکے ہیں۔لیور ٹرانسپلانٹ کے تقریباً 250 مریضوں کا مفت علاج کیا گیاجبکہ 70ہزار سے زائد مریض یہاں ڈائیلسز کی سہولت بھی حاصل کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاج کی سہولت حاصل کرنے و الے نادار مریضوں کے اخراجات حکومت پنجاب ادا کررہی ہے۔ عوام کے لئے بہترین علاج کی مفت سہولت ہمیشہ سے میرا مطمع نظر رہاہے۔میں نے اپنی وزارت اعلیٰ کے پہلے دور میں نہ صرف لاہور بلکہ پنجاب کے دور دراز علاقو ں کے ہسپتالو ں کی حالت زار کو بہتر بنانے پر توجہ دی۔ ہم نے وزیرآباد میں انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی قائم کیا لیکن سیاسی مخاصمت کی بنا پر کئی سال یہ ڈاکٹروں اور طبی مشینری کی قلت کا شکار رہا۔اب ہم نے نہ صرف دوبارہ فعال کیاہے بلکہ بیڈز کی تعداد300 کر رہے ہیں۔ایمرجنسی وارڈ میں مریضوں کو تمام ادویات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ایمرجنسی وارڈ میں ڈیوٹی کرنے و الے ڈاکٹرز کی تنخواہ بڑھائی جا رہی ہے۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ڈاکٹر یاسمین راشد اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔