لاہور: (دنیا نیوز) آقائے دو جہاں، محسن انسانیت، نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کا یوم ولادت مذہبی جوش و جذبہ سے منایا گیا، شہر شہر، قریہ قریہ جشن، گھروں اور مساجد میں چراغاں کیا گیا، خصوصی محافل کا انعقاد کرتے ہوئے فضا میں درودو سلام کی صدائیں کی گئیں، مساجد، محلوں اور اہم سرکاری عمارتوں کی برقی قمقموں سے سجاوٹ کی گئی۔
دنیا کی تاریکی کو اپنے نور مجسم سے روشنیوں میں تبدیل کرنے والے محسن انسانیت، محبوب خدا، آقائے دوجہاں، خاتم النبین والمرسلین حضرت محمد مصطفیٰﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں ملک بھر میں میلاد اور دروس کی محافل کا انعقاد کیا گیا۔
عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان مصطفیٰ ﷺ نے گلیوں اور بازاروں اور گھروں کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجایا جبکہ تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیا، اسی طرح مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں پر بھی خوبصورت چراغاں کا اہتمام کیا گیا۔
نبی کریم ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں تمام گلی محلوں سے چھوٹے بڑے جلوس نکالے، جن میں شریک ہر شخص کے منہ پر ’سرکار کی آمد مرحبا‘ کا ورد تھا اس کے علاقے عاشقان رسولﷺ کی جانب سے مختلف تقریبات بھی منعقد کی گئیں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
عاشقان رسول ﷺ کی ولادت باسعادت کے موقع پر حضور کی بارگاہ میں درود و سلام اور نعت رسول مقبول ﷺ کے گلہائے عقیدت پیش کی۔
عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کیلیے لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی اور موبائل سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔