اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امت مسلمہ کو متحد کرنے، امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پیغام کو پھیلانے میں اہم کردار ادا کرنے پر مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ اور مسلم ورلڈ لیگ کی کاوشوں کو سراہا ہے۔
وزیراعظم سے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے سعودی عرب، مسلم ورلڈ لیگ اور شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے اہم عالمی مسلم امہ کے مسائل بالخصوص فلسطین اور کشمیر کے حوالے سے کردار کو قابل تعریف قرار دیا۔
شہباز شریف نے پاکستان میں سیلاب کے جاری تباہ کن اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب نے 33 ملین سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے اس مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ عقیدے، اقدار اور ثقافت کی بنیاد پر استوار ہیں، سیکرٹری جنرل کے حالیہ دورہ پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا
خیال رہے کہ مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ5 سے 14 اکتوبر 2022 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔