سازش کے تحت آئی وفاقی حکومت کے پاس عوامی مسائل کا حل نہیں: اسلم اقبال

Published On 25 September,2022 12:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے سینئر وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ چودہ جماعتوں پر مشتمل نام نہاد حکمران اتحاد نے خود کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دی، سازش کے تحت آئی وفاقی حکومت کے پاس عوام کے مسائل کا حل نہیں۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم سے 90 شاہراہ قائد اعظم پر سیاسی شخصیات نے ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر ملک غضنفر چھینہ، اراکین اسمبلی عرفان نیازی، عامرعنایت، ثانیہ کامران، معظم جتوئی، عبدالحئی دستی، چودھری عدنان، خواجہ داؤد اور دیگر شامل تھے۔

میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ سرکار اب نام نہاد ارسطو کو معشیت ٹھیک کرنے کے لئے امپورٹ کرنے جارہی ہے، اپنی چوری چھپانے کیلئے اقتدار کا سہارا لینے والوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں،22 کروڑ پاکستانیوں کی امیدوں کا مرکز عمران خان ہیں۔

سینئر وزیر نے مزید کہا کہ حقیقی آزادی اور کرپٹ ٹولے سے نجات کی تحریک آخری مرحلے میں ہے،غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لئے عوام کپتان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان مزدور، کسان اور عام آدمی کی مضبوط آواز ہیں۔