لاہور:(دنیا نیوز) ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت، پنجاب حکومت کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کر رہی ہے جن کا اپنا ہاؤس ڈس آرڈر ہے وہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب بھر میں ترقی کا سفر جاری و ساری ہے، وزیر اعلیٰ صوبہ پنجاب کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پائیدار اقدام کر رہے ہیں، پرویز الٰہی نے پراپرٹی ٹرانسفر فیس جو پہلے زیادہ تھی، ایک فیصد کر دی ہے۔
سینئر رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جیلوں میں قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھی بہت سے اقدام کر رہے ہیں، قیدیوں کو معیاری تعلیم، خوراک، طبی سہولیات ، جبکہ لا وارث قیدیوں کو مفت لیگل ایڈ فراہم کی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے وبائی امراض کی روک تھام کے لئے سینٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام کی منظوری دی ہے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سنٹر آف ڈیزیز کنٹرول کے قیام سے صوبے میں ڈینگی، کورونا، ہیضہ، ٹائیفائڈ اور دیگر امراض کی روک تھام میں مدد ملے گی، پنجاب میں زیتون ، سٹرس فروٹ اور دیگر فصلوں کی پیداوار کی بڑھوتری پر کام جاری ہے۔
سابق وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی نے چولستان کے 20 ہزار کاشتکاروں کو سرکاری اراضی دینے کا فیصلہ کیا ہے، چولستان کے بے زمین کسانوں کو اراضی دینے سے انکی قسمت بدل جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے سخت قانون سازی کر رہے ہیں۔