پولیس چیف کی گفتگو تکلیف دہ، ایم کیو ایم کا ایپکس کمیٹی کے دوبارہ قیام کا مطالبہ

Published On 18 September,2022 06:33 pm

کراچی: (دنیا نیوز) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما خواجہ اظہار نے سندھ میں ایپکس کمیٹی کے دوبارہ قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت امن عامہ برقرار رکھنے میں مکمل ناکام، مراد علی شاہ سے ہوم ڈیپارٹمنٹ چل رہا ہے نہ ہی صوبہ، پولیس چیف کی تاجروں سے گفتگو تکلیف دہ تھی، بیان کے بعد سٹریٹ کرمنل آزاد ہوگئے ہیں۔

کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہمارے یہاں بدقسمتی ہے سب سیاسی ہیں، پولیس چیف کو اپنے شہر کا پولیس چیف سمجھ رہا تھا، کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 300 سے زائد وارداتیں ہوئیں،پولیس چیف نے غیر زمہ دارانہ بیان دیا، یہ بات انکے منصب کو زیب نہیں دیتی، افسران شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بنے ہوئے ہیں، کراچی پولیس چیف کی عدالت سے اسٹریٹ کرائم کے ملزمان بری ہوگئے ہیں، پولیس چیف ہی تسلیم نہیں کر رہا اسٹریٹ کرائم، یہ وہ ہی بے حسی کا رویہ ہے جو 2011 میں تھا، کراچی میں لوگ مرتے تھے اور پیپلز پارٹی چین کی بانسری بجاتی تھی۔

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس چیف نے شہریوں کو ذمہ دار قرار دے دیا، پولیس چیف کی تاجروں سے گفتگو تکلیف دہ تھی، کراچی پولیس نے ڈاکوؤں کو بری الذمہ قرار دے دیا، تاجر براداری سے خطاب میں بھول گئے کہ وہ کراچی پولیس کے چیف ہیں، مراد علی شاہ سے ہوم ڈپارٹمنٹ چل رہا ہے نہ صوبہ، گزشتہ 6 ماہ میں 800 سے زائد افراد راہزنی پرقتل ہو گئے۔