ملک کو بڑی مہنگائی کا سامنا جو سب کو مار رہی ہے: عمران خان

Published On 16 September,2022 04:50 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت پر پھر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو بڑی مہنگائی کا سامنا ہے جو غریب عوام سمیت سب کو مار رہی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر سلسلہ وار ٹویٹس میں سابق وزیراعظم نے لکھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) اور ورلڈ بینک کی رپورٹیں ظاہر کرتی ہیں امپورٹڈ حکومت مستحکم معیشت کو وراثت میں ملنے کے باوجود معیشت کو ٹیل اسپن میں جانے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔ اس بات کی عکاسی اقتصادی سروے میں ہوئی جس نے گزشتہ 70 سالوں میں ہماری حکومت کی اقتصادی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔

انہوں نے لکھا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں شرح نمو 6 فیصد، صنعت، زراعت، روزگار، تعمیرات، برآمدات، ترسیلات زر اور ٹیکس وصولی کے لحاظ سے بلند ترین سطح پر تھی، اس وقت ملک کو بڑی مہنگائی کا سامنا ہے جو غریب عوام سمیت سب کو مار رہی ہے۔

پی ٹی آئی چیئر مین کا کہنا تھا کہ بے روزگاری، خوراک کی عدم تحفظ اور روپیہ گراوٹ کا شکار ہے، امپورٹڈ حکومت مکمل طور پر غلط سمت کی طرف جا رہی ہے، ان بدمعاشوں کا واحد کارنامہ یہ ہے انہوں نے پاکستان سے لوٹے گئے اربوں کے بدلے ایک اور این آر او حاصل کیا۔ سوال پوری قوم پوچھ رہی ہے پاکستان کے خلاف اس سازش کا ذمہ دار کون ہے؟

عمران خان نے مزید کہا کہ ہم اپنے پیچھے کیا چھوڑ کر گئے اور تبدیلی حکومت کی سازش کے ذریعے مسلط کی گئی امپورٹڈ سرکار نے کیسے معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتار دیا۔

دوسری طرف خیبرپختونخوا کے ارکان اسمبلی، ذیلی تنظیموں اور مقامی عہدیداروں سے خطاب کے دوران عمران خان نے کارکنوں کو اسلام آباد مارچ کیلئے تیار رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ارکان اسمبلی مقامی قیادت کی مشاورت سے مارچ کی تیاری کریں۔ امپورٹڈ حکومت کو مزید وقت نہیں دے سکتے، اسلام آباد جانے کا فیصلہ کرلیا، کارکن کال کا انتظار کریں۔