صحبت پور(دنیا نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ستمبر میں بھی 300 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کر دیئے گئے، سیلاب متاثرین سے اگست اور ستمبر کے بجلی بل نہیں لئے جائیں گے۔
ضلع صحبت پور کے سیلاب متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلابی تباہی نے ہر پاکستانی کی آنکھیں کھول دی ہیں، ضلع صحبت پور سیلابی تباہی کا بدترین شکار رہا، ہر طرف پانی ہی پانی تھا، ضلع میں پینے کا پانی بہت بڑا چیلنج ہے، متاثرہ علاقوں کے ہسپتالوں کا بھی دورہ کیا، لوگوں میں پیٹ کی بیماریاں پھیل رہی ہیں، متاثرین کی بحالی کیلئے ایف ڈبلیو او، پاکستان افواج ملک کر کام کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان ،چیف سیکرٹری اور متعلقہ ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے 70 ہزار کی خطیر رقم سیلاب متاثرین کیلئے مختص کی ہے، اب تک متاثرین میں 24 ارب تقسیم کئے جا چکے ہیں، سیلاب زدہ علاقوں میں بجلی صارفین کیلئے 2 کروڑ 10 لاکھ کے فوری ریلیف کا اعلان کیا ہے، جن علاقوں میں سیلاب نے تباہی کی وہاں کہ متاثرہ لوگوں سے اگست اور ستمبر کے بجلی کے بل نہیں لئے جائیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے سیاست نہیں ریاست کو ترجیح دی ہے، متاثرہ علاقوں سے پانی نکالنے کا سلسلہ تیز کیا جائے، تمام لوگوں سے اپیل ہے کہ مل کر سیلاب متاثرین کا ہاتھ تھامیں۔