بارشوں، سیلاب سے مزید 5 افراد جاں بحق، متاثرین بے یارو مدد گار، مسیحا کے منتظر

Published On 10 September,2022 01:06 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بارشوں اور سیلاب سے مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں، ملک بھر میں سیلاب سے اموات کی تعداد ایک ہزار 396 ہو گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹوں میں 6 بچے بھی زخمی ہوئے، بلوچستان میں اب تک 268 اور پنجاب میں191 افراد سیلاب سے لقمہ اجل بنے۔

گلگت بلتستان میں اب تک 22 اور آزاد کشمیر میں 44 افراد جاں بحق ہوئے، خیبر پختو ںخوا میں جاں بحق افراد کی تعداد 293 ہے۔

ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کے باعث زخمیوں کی تعداد 12 ہزار 728 ہے، ملک بھر میں 3 کروڑ 30 لاکھ سے زائد افراد بارشوں سے متاثر ہوئے۔

دوسری جانب سے بپھرے سیلابی ریلے سب کچھ بہا کر لے گئے، سندھ، بلوچستان،خیبر پختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ہرطرف تباہی ہی تباہی ہے۔

ملک بھر میں قدرتی آفت کے باعث ایک ہزار 396 اموات، 5 لاکھ 68 ہزار 817 گھر مکمل تباہ ہو چکے ہیں، 7 لاکھ سے زائد مویشی ہلاک ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں سڑکیں کھنڈر، بڑے پیمانے پر انفرااسٹرکچر تباہ ہونے سے متاثرین تک رسائی مشکل ہو چکی ہے۔

ادھر سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، 14 ستمبر تک وقفے وقفے سے بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بدین، ٹھٹھہ اور میرپور خاص میں بادل برسیں گے، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں بھی بارشوں کا امکان ہے، 13اور 14 ستمبر کو لسبیلا، قلات اور خضدارمیں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

14 ستمبر تک خیبرپختونخوا میں بھی بارشیں متوقع ہے، سوات، مانسہرہ اور چارسدہ میں وقفے وقفے سے بارشیں ہوسکتی ہیں، پشاور، صوابی، چترال اور دیر میں بھی بادل برسیں گے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسلام آباد، پنڈی اور لاہور سمیت پنجاب والے بھی تیاری کرلیں، آج سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ 14 ستمبر تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات کے مطابق مری، اٹک، چکوال، جہلم اور سیالکوٹ میں بھی بادل برسیں گے۔

نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، شیخوپورہ، میانوالی میں بھی برسات ہوگی، خوشاب، سرگودھا، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

جھنگ اور فیصل آباد میں بھی آج سے چودہ ستمبر تک بادل برس سکتے ہیں، 13 اور 14ستمبر کے دوران بھکر، لیہ، ڈی جی خان اور مظفرگڑھ میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔