اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 246 لیاری کراچی کی نشست خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن معطل کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے پی ٹی آئی ایم این اے شکور شاد استعفیٰ منظوری کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت درخواست گزار نے بذریعہ وکیل استدعا کی کہ میں نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ نہیں دیا، پارٹی ہیڈ آفس کے کمپیوٹر آپریٹر کے لکھے استعفوں پر 123 ارکان سے دستخط لئے گئے، استعفے اسپیکر کو بھیجےنہ نام لکھا، نہ تاریخ ڈالی، پی ٹی آئی نے بتایا تھا کہ یہ استعفے پارٹی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے لیے ہیں، میں نے صرف عمران خان سے اظہار یک جہتی اور سیاسی مقاصد کیلئے دستخط کیے۔
سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ کو ذاتی حیثیت میں سپیکر قومی اسمبلی نے بلایا تھا؟، وکیل نے جواب دیا کہ ایک نوٹس آیا مگر یہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اس کے باوجود سپیکر قومی اسمبلی نے استعفیٰ قبول کیا، عدالت نے سپیکر اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔