اسلام آباد:(دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے برطانیہ کی آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال پر شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ پاکستان آنجہانی ملکہ کی موت کے سوگ میں برطانیہ اور دیگر دولت مشترکہ ممالک کے دکھ میں شریک ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ الزبتھ دوم نے انسانیت کی فلاح وبہبود کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں،انہیں پاکستان کے ساتھ خصوصی لگاؤ تھا۔
مریم نواز کا کہنا ہے ملکہ برطانیہ کے انتقال سے ایک عظیم وراثت کا دور ختم ہو گیا۔