لندن: (دنیا نیوز) برطانوی بادشاہ چارلس نے کہا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی موت انکے اور خاندان کے تمام افراد کیلئے بڑے بڑے دکھ کا لمحہ ہے، برطانوی وزیراعظم نے ملکہ کی وفات کو برطانیہ سمیت اقوام عالم کیلئے بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
بادشاہ چارلس نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اپنی عظیم والدہ کے انتقال پر گہرے سوگ میں ہیں، معلوم ہے ملکہ کی وفات کا دکھ برطانیہ دولت مشترکہ اور دنیا بھر کے لا تعداد لوگ بھی محسوس کر رہے ہوں گے۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم لِز ٹرس نے ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ملکہ برطانیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔
اپنے بیان میں برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ ملکہ برطانیہ وہ چٹان تھیں جس پر جدید برطانیہ کی تعمیر ہوئی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، کینیڈا، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور امریکی صدر سمیت عالمی رہنماؤں نے ملکہ برطانیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہا رکیا۔