راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی ار ) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار سے امریکا کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے قونصلر ایچ کولیٹ نے وفد کے ہمراہ راولپنڈی مںی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، مہمان وفد نے سیلاب اور تباہی ہونے پر افسوس اور متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر امریکی وفد کا کہنا تھا کہ ور مشکل کی گھڑی میں پاکستانی عوام کی مدد کریں گے۔ خطے میں استحکام اور امن کے لیے پاکستانی کوششوں کو سراہتے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون اور تعلقات مضبوط ہوں۔
پاکستان سعودیہ کیساتھ تاریخی، برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے: آرمی چیف
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی وزارت دفاع کے ٹرانسفارمیشن مینجمنٹ آفس کے سی ای او نے ملاقات کی، علاقائی امن و استحکام اور سکیورٹی تعاون پر بات چیت ہوئی، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب سے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں ایک خاص حیثیت ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سعودی وزارت دفاع کے ٹرانسفارمیشن مینجمنٹ آفس کے سی ای او ڈاکٹر سمیر بن عبدالعزیز ال طبیب کی راولپنڈی جی ایچ کیو آمد ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں باہمی دلچسپی، دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی تعاون پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں علاقائی سکیورٹی اور امن و استحکام کے امور پر بھی غورکیا گیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب سے اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلق کو بڑی اہمیت دیتا ہے، سعودی عرب کی اسلامی دنیا میں ایک خاص حیثیت ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ڈاکٹر سمیر نے پاکستان کے ساتھ دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی اور ڈاکٹر سمیر نے سیلاب سے ہوئے مالی و جانی نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، آرمی چیف نے دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ڈاکٹر سمیر کی کوششوں کوسراہا ہے۔