عمران خان نے مسلح افواج پر حملہ کر کے جنگ چھیڑ دی ہے: مریم نواز

Published On 05 September,2022 06:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے مسلح افواج پر حملہ کر کے جنگ چھیڑ دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے مریم نواز نے لکھا کہ عمران خان کو پاکستان کو تباہ و برباد کرنے کیلئے لانچ کیا گیا، قوم کو بدحالی اور مایوسی کے گڑھوں میں دھکیلنے کے لیے فنڈز فراہم کیے گئے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ عمران سیاسی لیڈر نہیں اس کے ساتھ ایسا سلوک بند کیا جائے، پی ٹی آئی چیئرمین نے ہمارے ملک کے استحکام، معیشت، معاشرے، میڈیا اور اب مسلح افواج پر حملہ کر کے جنگ چھیڑ دی ہے، اگر عدلیہ سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی طرف سے اسے ڈبل ڈیلر قرار نہیں دیا گیا تو پاکستان اس صدمے سے کبھی نہیں نکلے گا اور نیچے کی طرف جاتا رہے گا۔