عمران خان نے کرپشن مقدمات سے بچنے کیلئے تحریک فساد شروع کی: مریم اورنگزیب

Published On 04 September,2022 12:09 pm

اسلام آباد (دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم سیلاب میں اور عمران خان اپنی انا میں پھنسے ہوئے ہیں، انہوں نے کرپشن مقدمات سے بچنے کیلئے تحریک فساد شروع کی ہے۔

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان نے چار سال کیا کیا اور باتیں کیا کرتے ہیں، وہ پاکستان میں انصاف نہیں، تحریک انصاف کا انتظامی نظام چاہتےہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں استحکام آرہا ہے، پی ٹی آئی چیئرمین کی ملک کوسری لنکا بنانےکی سازش ناکام ہوچکی ہے، سیلاب میں ڈوبے جنوبی پنجاب میں بھی عمران خان کے سر پر شہبازشریف اور مریم نواز سوار ہیں، سیلاب زدہ علاقوں کے بھوکے عوام کو کچھ دینے کے بجائے عمران خان نے آج پھر اپنی جھوٹی سیاست کا پیٹ بھرا ہے۔