سیلاب کی بپھری موجیں مزید 19 جانیں لے گئیں، مجموعی تعداد 1208 ہوگئی

Published On 02 September,2022 02:50 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک بھر میں بارشوں اورسیلاب کی بپھری موجوں کی تباہ کاریاں جاری ہیں، 24 گھنٹے کے دوران مزید 19 اموات ہونے سے مجموعی تعداد 1208 تک پہنچ گئی ہے،جبکہ 11 لاکھ 72 ہزار سے زائد مکانات کو نقصان ہوا، 7 لاکھ 33 ہزار مویشی ہلاک ہوئے ہیں، دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں ہرطرف بربادی، انفراسٹرکچر بہہ گیا، زمینی رابطے منقطع ہونے سے امدادی ٹیموں کو متاثرین تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندھ میں بھی ہر طرف تباہی سے صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 430 تک پہنچ گئی ہے، بے گھر خاندانوں نے کھلے آسمان تلے ڈیرے لگا لئے ہیں، فصلیں برباد، اشیا کی ترسیل میں مشکلات پیش آنے سے غذائی بحران کا خدشہ سر اٹھانے لگا ہے۔

بلوچستان میں بھی سیلاب کی موجیں 257 جانیں لے گئیں، جاں بحق ہونیوالوں میں 73 بچے بھی شامل ہیں، 17 ہزار 608 مکانات منہدم ہوچکے ہیں ، پانچ لاکھ مویشی ہلاک جبکہ 2 لاکھ ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے سندھ ميں مزید 12 افراد، خيبر پختونخوا میں 4 افراد اور بلوچستان میں 3 افراد جاں بحق ہوئے۔ ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد ایک ہزار 208 ہوگئی۔

سیلاب اور بارشوں سے سندھ میں 432 افراد زندگى کى بازى ہار چکے ہیں جبکہ بلوچستان میں 256 اور خیبر پختونخوا میں 268 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ملک بھر میں سیلاب اور بارشوں سے ایک ہزار 256 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 7 لاکھ 33 ہزار 488 مویشی سیلاب میں بہہ گئے جبکہ سندھ میں سيلاب سے 2 ہزار 328 کلوميٹر سڑک کو نقصان پہنچا۔ بلوچستان میں اب تک ایک ہزار اور خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 589 کلوميٹر سڑک تباہ ہوئی، سیلاب اور بارشوں سے ملک بھر کے 243 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔