اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب میں انتقامی کارروائی جاری ہے، یہ شہباز گل کا بدلہ لینا چاہتے ہیں، پرویز الٰہی عمران خان کوغلط رپورٹس دے رہے ہیں، پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی مدد کے بجائے سیاسی مخالفین کے پیچھے پڑی ہے، پرویز الٰہی اتنا ہی ظلم کریں جتنا برداشت کرسکیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز الہٰی ملک دشمن بیانیے کو پروان چڑھا رہے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف سیلاب زدگان کیلئے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، خاتون جج کا نام لے کر عمران خان نے دھمکی دی، سرکاری اہلکاروں کو دھمکانے اور ڈرانے کا وطیرہ ترک کریں، پرویز الہٰی کی فسطائیت زیادہ دیر نہیں چلے گی، ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے اور ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، پنجاب حکومت کے اندر پرویز الٰہی صاحب کی سرکار مقدمے پر مقدمہ بنا رہی ہے، پنجاب حکومت چاہتی ہے شہباز گل کے حوالے سے بدلہ لیا جائے، آٹھ دس لوگوں کو اندر کر کے تاوان وصول کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی اس پوری معاملے میں سہولت کار ہیں، یہ نہیں ہونے دیں گے، پرویز الٰہی کی حکومت اس پورے کھیل میں سہولت کار ہیں، وزیراعلیٰ عمران خان کی پوری معاونت کر رہے ہیں، پرسوں مجھے کہا گیا کہ مجھ پر ٹوٹی چوری کا مقدمہ کر رہے ہیں، پتہ چلا میں سرکاری رہائش گاہ سے دو ٹوٹیاں چوری کر لے گیا، یہ بلکل ٹھیک کر رہے ہیں ان کے بزرگوں پر بھینس چوری کا مقدمہ تھا، ایک مقدمے پر ضمانت کرواتے ہیں دوسرا پرچہ کر لیتے ہیں، پرویز الٰہی عمران خان کے عشق میں مبتلا ہیں، ہمیں اندازہ تھا کہ اینٹی کاؤنٹر ٹیرارزم کا لوکیٹر لے کر گلیوں میں پھر رہے ہیں، ایسے گرفتاری نہیں دیں گے جرم بتایا جائے، پرویز الٰہی یہ نہ بھولیں کہ آپ پر اور صاحبزادے پر ایف آئی اے کا ایک کیس ہے۔
لیگی رہنماء رانا مشہود نے کہا کہ آئین و قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کو حرکت میں آنا چاہیے، ہم ڈٹ کر ان کا مقابلہ کریں گے، عمران خان اور اس کے حواریوں سے آئین و قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔