25 مئی کے واقعات میں ملوث پولیس افسران کیخلاف پنجاب حکومت کی تحقیقات مکمل

Published On 18 August,2022 04:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 25 مئی کے لانگ مارچ کے دوران ہونے والے پر تشدد واقعات میں ملوث پولیس افسران کیخلاف پنجاب حکومت کی تحقیقات مکمل ہو گئی۔

وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ تحریک انصاف کے نہتے کارکنوں پر تشدد کرنے یا حکم دینے والے پولیس آفیسرز کے خلاف تحقیقات مکمل ہو گئی ہیں ۔آج ہی مقدمات کے حوالے سے کارروائی سامنے آجائے گی۔ سیاسی رہنما بھی اگر اس غیر قانونی عمل میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جیل میں ڈاکٹر شہباز گل پر کوئی تشدد نہیں ہوا ۔اسلام آباد پولیس نے اپنی تحویل میں رکھنے کے دوران شہباز گل پر تشدد کیا ۔اسلام آباد پولیس کی تحویل سے جب شہباز گل کو جیل لایا گیا تو ان کا میڈیکل ہوا جس کی رپورٹ میں ڈاکٹرز نے ایک سے دو مقامات کی نشاندہی کی جہاں پر شہباز گل پر تشدد ہوا ۔

صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں جو فورسز آمنے سامنے آئیں اس پر وزیراعلی پنجاب نے دانش مندانہ فیصلہ کیا۔ وزیراعلی کی ہدایت کے بعد پنجاب پولیس کو واپس بلایا گیا ۔وزیر داخلہ کے منصب سے تبدیل کرنا یا نہ کرنا عمران خان کا اختیار ہے ۔ حکم ہوا تو وزرات کیا ایم پی اے شپ بھی چھوڑ دوں گا۔