سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پی ٹی آئی میں جوڑ توڑ بڑے بڑے نام زیر غور

Published On 27 July,2022 09:30 am

لاہور: (دنیا نیوز) پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں سپیکر پنجاب اسمبلی کے عہدے کے لیے جوڑ توڑ شروع ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی کیلئے پی ٹی آئی کے سینیئر رہنماؤں کے نام سامنے آئے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی سپیکر شپ کے لیے میدان میں ہیں جبکہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی سپیکر کے منصب کے لیے متحرک ہیں۔

پارٹی رہنما سبطین خان اور میاں محمود الرشید بھی سپیکر شپ کی دوڑ میں شامل ہیں جبکہ میاں اسلم اقبال کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ ڈپٹی سپیکر کے لیے واثق قیوم اور ملک تیمور کے ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

سپیکر اور ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کے نام کی حتمی منظوری پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان دیں گے۔