مون سون کا تیسرا سپیل، کراچی میں موسلا دھار بارش،نشیبی علاقے زیر آب

Published On 26 July,2022 09:44 am

کراچی: (دنیا نیوز) مون سون بارشوں کا تیسرا اسپیل جاری ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اورتیز بارش ہونے سے جل تھل ایک ہو گیا۔

منگل کی صبح ہونے والی بارش سے سڑکوں پرپھسلن کے باعث موٹر سائیکل سواروں اوردفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش قائد آباد میں 67.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ نارتھ کراچی12، ناظم آباد8، کیماڑی9، اورنگی ٹاؤن5.2،پی اے ایف بیس مسرور5 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیزٹو میں 20.8 ملی میٹر، گلشن معمار میں 16.7ملی میٹر،سرجانی ٹاؤن میں 14.8 ملی میٹر،صدر میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ائیرپورٹ اولڈ ایریا میں 39.2 ملی میٹر،سعدی ٹاؤن میں 37.8 ملی میٹر، شارع فیصل میں 37.5ملی میٹر،یونیورسٹی روڈ پر33.2ملی میٹر، گلشن حدید میں 59، کورنگی میں 43.1 ملی میٹر اورجناح ٹرمینل پر42.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔