پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا معاملہ، وزیراعظم آج قوم سے خطاب کرینگے

Published On 14 July,2022 05:36 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے معاملہ پر وزیراعظم شہباز شریف آج رات قوم سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر قوم کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے، شہباز شریف آج رات قوم سے مخاطب ہونگے، وزیر اعظم کا قوم سے خطاب سرکاری ٹی وی پر نشر ہوگا۔

 حکومت کا برسراقتدار آنے کے بعد پہلی بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ

 حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کر لیا، اوگرا کی سمری پٹرولیم ڈویژن کو موصول ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق پٹرول 17 ، ہائی اسپیڈ ڈیزل 40 ، مٹی کا تیل 32 روپے فی لٹر سستا ہونے کاامکان ہے۔

ادھر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کیلئے 15 جولائی کا انتظار نہیں کیا جائےگا، قیمتیں آج ہی کم ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سمری تیار ہوگئی، وقت اور قیمت کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے تاہم کوشش ہے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے ہی کردیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل پر 5 اور 10 روپے کی جو لیوی لگائی وہ برقرار رہے گی، سری لنکا میں حالات اس لیے خراب ہوئے کہ انہوں نے مشکل وقت پر مشکل فیصلے نہیں کیے، اب پاکستان ایک نارمل ملک کی طرح چل رہا ہے۔