لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف پوری قوم کا بیانیہ ایک، معاشی بحالی اور ترقی کیلئے یقینی امن و امان بنیادی تقاضا ہے، پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، امن دشمنوں کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے زیرِ صدارت امن وامان سے متعلق لاہور میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا گیا، صوبہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آئی، شہباز شریف نے ملک بھر میں عوام کے جان ومال کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔
شہباز شریف کے زیر صدارت اجلاس میں دہشتگردی کے خاتمے اور اس ضمن میں لاحق خطرات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، دہشت گردوں کی مالی معاونت کے سدباب کے اقدامات اور قوانین پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ وزیراعظم نے فیٹف شرائط کی تکمیل کے حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا تحفظ یقینی بنائیں، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے بارے میں عوام کی رائے صرف کارکردگی دکھانے سے ہی بدل سکتی ہے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم ایک بیانیے پر متفق ہے اور اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی، پاکستان کی سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کے کردار کو پھر سے بحال کیا جائے گا جو گزشتہ چار سال میں موجود نہیں تھا، گزشتہ چار سال میں نیشنل ایکشن پلان میں صوبوں کا کردار نظر انداز کرنے سے دہشت گردی میں اضافہ ہوا، پاکستان کی معیشت کی بحالی اور ترقی کے لئے امن وامان کا یقینی ہونا ایک بنیادی تقاضا ہے۔