اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ سگریٹ نوشی کے سدباب کے لئے سگریٹ پر ٹیکس بڑھایا جائے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے سیّد خورشید شاہ نے کہا کہ اکیلا زراعت کا شعبہ پاکستان کو تمام معاشی مسائل سے نکال سکتا ہے،10 سال تک اس شعبہ کو سپورٹ دی جائے تو ہمیں آئی ایم ایف سمیت عالمی مالیاتی اداروں سے نجات مل جائے گی۔ کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں سگریٹ نوشی ممنوع ہے،برطانیہ میں سگریٹ کا ایک پیکٹ 3500 روپے کا ملتا ہے، ہمارے ہاں اچھے برانڈ کی سگریٹ کا پیکٹ بھی تین سو سے کم ہے،ہمارے لوگ یہاں سے باہر جاتے ہیں تو وہ یہاں سے سگریٹ دوستوں میں تقسیم کرنے کے لئے بطور تحفہ لے جاتے ہیں۔سگریٹ پر ٹیکس میں مزید اضافہ کیا جائے۔اس کا مقصد ٹیکس وصول کرنا نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں کو بچانا ہے۔ کابینہ نے فی سگریٹ ایک روپیہ اضافی ٹیکس کی سفارش کی۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمان کی کمیٹی بنائی جائے جو ہر شعبہ کے ٹیکس کا جائزہ لے۔وزیر اعظم نے بھی سگریٹ پر ٹیکس بڑھانے کی تجویز سے اتفاق کیا تھا۔ آئندہ مالی سال کے لئے کم سے کم 70 ارب روپے کا اضافی ٹیکس ہدف ہونا چاہیے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ خورشید شاہ کے شکر گزار ہیں یہ معاملہ اٹھایا ہے، وزیراعظم خود بھی سگریٹ نوشی کے خلاف ہیں،وہ اس کے مضر اثرات سے آگاہ ہیں، انہوں نے اس شعبہ سے 70 ارب روپے اضافی ٹیکس وصول کرنے کی ہدایت کی ہےاور یہ ٹیکس جمع کرکے بتادیں گے۔اس سال اس شعبہ سے 150 ارب روپے ٹیکس جمع کیا ہے اور آئندہ سال اسے 200 ارب روپے تک لے جائیں گے۔اس پر شرح کیا ہوگی یہ مجھ پر چھوڑ دیں۔بڑی کمپنیوں کی آمدن سے پر 10 فیصد اضافی انکم ٹیکس لگارہے ہیں۔