این اے 245 ضمنی الیکشن میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

Published On 22 June,2022 06:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے بعد خالی ہونےوالی این اے 245 کی نشست پر ضمنی الیکشن میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

 الیکشن کمیشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل شاہد اقبال نے سیکریٹری دفاع کو مراسلہ بھجوایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 میں 27 جولائی کو ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ ہونا ہے۔

 مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 220 کے تحت این اے 245 میں پولنگ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے فوج کو تعیناتی کے لیے تیار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حلقے میں تمام سیاسی قوتوں کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات میں حقہ لینے کے مساوی مواقع ملنے کے لئے کیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری دفاع 26 جولائی سے 28 جولائی تک حلقے میں مناسب نفری کی ممکنہ تعیناتی کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں۔

الیکشن کمیشن نے این اے 245 پر 27 جولائی کو ضمنی انتخاب کرانے کا اعلان کیا ہے، اس سلسلے میں الیکشن شیڈول بھی جاری ہوچکا ہے جس کے تحت امیدواروں نے کاغذات نامزدگی بھی حاصل کرنا شروع کردیا ہے۔

 واضح رہے کہ 2018ء کے جنرل الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عامر لیاقت حسین نے 56 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر فاروق ستار 35 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر آئے تھے۔ اس نشست پر تحریک لبیک پاکستان تیسرے، متحدہ مجلس عمل کے امیدوار نے چوتھی پوزیشن حاصل کی تھی۔