پٹرولیم مصنوعات مہنگی، تحریک انصاف کا آج ملک گیر مظاہروں کا پروگرام

Published On 19 June,2022 11:31 am

لاہور: (دنیا نیوز) پٹرولیم مصنوعات انتہائی مہنگی ہونے کے سبب تحریک انصاف نے آج ملک گیر مظاہروں کا پروگرام بنا لیا۔

بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں احتجاج کریگی، لاہور، کراچی،پشاور سمیت دیگر شہروں میں عمران خان کا خطاب بڑی سکرینوں پر دکھایا جائیگا۔

گذشتہ روز تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کا کہنا تھا کہ لٹیروں نے اپنی تجوریاں بچانے کیلئے ملک گروی رکھ کر عوام پر مہنگائی کا عذاب نازل کر دیا، اپنے لوگوں پر دن دیہاڑے ظلم برداشت نہیں کرینگے، جبر اور طاقت سے عوام کو اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے سے نہیں روک سکتے، پچھلے دو ماہ کے واقعات نے سازش کے ہر کردار اور اس کے اہداف پوری طرح آشکار کئے، بغیر تیاری کے سازش سے حکومت پر قابض ہونے والا لشکر اپنی چوری بچانے کیلئے قوم کا مستقبل داؤ پر لگا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وبا اور عالمی مہنگائی کے سامنے تحریک انصاف کی حکومت ڈھال بن کر اپنے لوگوں کو بچا رہی تھی، لٹیروں اور اپنی جائیدادیں باہر رکھنے والوں کو عوام کی مشکلات، ملک کے مستقبل کی کوئی فکر نہیں۔ تنبیہ کی تھی کہ سنبھلتی معیشت کو عدمِ استحکام سے دوچار کیا گیا تو حالات بے قابو ہوں گے۔