کپتان مضبوط فوج کے داعی، ادارے اورعوام ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھیں: قریشی

Published On 02 June,2022 12:32 pm

اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کی ملک سے والہانہ محبت کو پوری قوم جانتی ہے، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اس ملک کی سلامتی اور بقا ہر پاکستانی کو اپنی جان سے زیادہ عزیز ہے، تاریخ بتاتی ہے کہ جب ماضی میں ہم سے غلطیاں ہوئیں تو ملک دو لخت ہو گیا، ماضی میں ہماری غلطیوں کے باعث بلوچستان میں شورش نے جنم لیا، ماضی میں امن مخالف قوتوں نے "پختونستان" کا شوشہ چھوڑا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تقسیم پیدا کرنے کی کوشش کی گئی، ہمارے اداروں اور عوام کو ماضی سے سبق سیکھنا چاہیئے، ملک کی سلامتی اور یکجہتی کیلئے درست فیصلے کرنا ہوں گے، ہمیں اپنی دفاعی قوت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے، مت بھولیے کہ ایسی قوتیں ہیں جو پاکستان کو اندرونی طور پر کھوکھلا کرنا چاہتی ہیں۔

شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ اس وقت، مخدوش معاشی صورتحال سے نمٹنا ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، موجودہ معاشی صورتحال کے باعث ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے، اگر خدانخواستہ ملک دیوالیہ ہوتا ہے تو پابندیاں پہلے سے کہیں زیادہ سنگین ہو سکتی ہیں، ہمارے دفاعی اثاثے جو ہماری بقا کیلئے ناگزیر ہیں وہ بھی ان پابندیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمیشہ مضبوط قومی فوج کے داعی رہے ہیں، پاک فوج ہماری قومی، جغرافیائی اور نظریاتی حدود کے تحفظ اور دفاع کی ضامن ہے، عمران خان اداروں کو مضبوط اور مستحکم دیکھنے کے حامی ہیں۔