اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے طلب کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے اراکین اسمبلی نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی کے فلور پر مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا، شاہ محمود قریشی نے وزارتِ عظمیٰ کے الیکشن کے دوران تقریر میں کہا تھا ہم اس ایوان سے مستعفی ہوتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ نئے الیکشن کروائے جائیں۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق اسپیکر نے پی ٹی آئی کے استعفے دینے والے ارکان کو طلب کیا ہے۔ جس کے لیے مستعفی اراکین کو مراسلے جاری کردیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سپیکرنے پی ٹی آئی اراکین کوتصدیق کیلئے 6 جون کو طلب کیا ہے اور پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کی تعداد 131 ہے۔ استعفوں کی تصدیق کا عمل جمعہ 10 جون تک جاری رہے گا اور روزانہ 30 مستعفی ارکان سپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مستعفی اراکین کو قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے قاعدہ 43(2)(b) کے تحت تفویص اختیارات کو بروکار لاتے ہوئے مراسلہ جاری کیا۔
واضح رہے کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پی ٹی آئی چیئر مین نے ایک ماہ کے دوران درجنوں جلسے کیے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ نئے الیکشن کروائے جائیں۔ بصورت دیگر لانگ مارچ کیا جائے گا، ایک لانگ مارچ 25 مئی کو کیا گیا تاہم عمران خان نے حکومت کو مزید چھ دن کا وقت دیا کہ فوری طور پر الیکشن کا اعلان کیا جائے اگر اعلان ہو جاتا ہے تو باقی معاملات پر حکومت کیساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہیں۔