پشاور:(دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے وفاقی حکومت کیخلاف طاقت کے استعمال کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے آزادی مارچ میں غیر مسلح گئے تھے، اب صوبے کی فورس استعمال کریں گے، کارکنوں کی شہادت کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ محمود خان نے انصاف لائزر فورم کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ میں نے لیگل ٹیم سے مشاورت کی ہے، امپورٹڈ حکومت جو صوبے کیساتھ کر رہی ہے اس کے خلاف سپریم کورٹ جا رہا ہوں، جو کارکن شہید و زخمی ہوئے وفاقی حکومت کیخلاف قتل کا مقدمہ درج کرینگے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مارچ میں غیر مسلح گئے تھے، خان صاحب مارچ کا اعلان کرینگے تو خیبرپختونخوا کی فورس استعمال کرونگا، شہباز شریف مینٹل کیس ہے، بشام میں وہ اپنے کپڑے فروخت کرنا چاہتا تھا، چوری کے کپڑے کوئی نہیں خریدتا، وزیراعظم کو الٹی میٹم دے رہا ہوں کہ کے پی کا حق چھین کر رہیں گے، وفاقی حکومت کے خلاف مقدمات درج کرینگے۔