دوبارہ اسلام آباد جانے کی تیاریاں جاری، اب کوئی روک نہیں سکے گا: عمران خان

Published On 29 May,2022 06:05 pm

چارسدہ:(دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی جنگ جہاد ہے، جب تک زندہ ہوں چوروں کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، دوبارہ اسلام آباد جانے کی تیاریاں جاری ہے، اب کوئی روک نہیں سکے گا، حق نہ ملا تو چھین کر لیں گے۔

 

چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ لا الا اللہ لوگوں کو آزاد کرتا ہے، جب پاکستان بنا تو ایک نعرہ تھا، لا الا اللہ کا مطلب کسی کے سامنے نہں جھکوں گا، امپورٹڈ حکومت چوروں کی ہمارے اوپر مسلط کی گئی، ہم کسی صورت امریکی غلاموں کو قبول نہیں کریں گے، ہم کسی صورت امریکی غلاموں کو قبول نہیں کریں گے، چوروں کےخلاف حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کیلئے نکلے ہوئے ہیں، جب کوئی قوم آزادی کی جنگ لڑتی ہے تو وہ جہاد ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے کارکن آزادی کی جنگ میں شہید ہوئے ہیں، یہ سب ملکی آزادی کیلئے نکلے تھے، جب تک زندہ ہوں اپنا جہاد چوروں کیخلاف ختم نہیں کروں گا، قوم کو تیار کر رہا ہوں، اب ہم ایک ایک چیز کی تیاری کریں گے، پرامن احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق تھا، رانا ثنا اللہ، شہباز شریف جوتے پالش کرنیوالا اور کرپٹ حمزہ کان کھول کر سن لو، قوم ان کو معاف نہیں کرے گی، ہم عدالت میں جائیں گے، ان کے اوپر کیسز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ رات کے اندھیرے گھروں میں جا کر خواتین کو پکڑا گیا، یاسمین راشد کو گاڑی سے نکالا گیا، خواتین اور بچوں پر شیلنگ کی گئی، رانا ثنا اللہ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کر کے جیلوں میں ڈلوائیں گے، جو اب ہم نکلیں گے کوئی اس کے سامنے نہیں کھڑا ہوگا، سپریم کورٹ سے پرامن احتجاج کا حق مانگ رہے ہیں، امپورٹڈ حکومت تیار ہوجاؤ، کبھی تسلیم نہیں کریں گے، اس بار ہم تیاری کر کے نکلیں گے، ہمارا حق نہیں دیا گیا تو چھین لیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکی غلاموں نے پٹرول اور فضل الرحمان کی قیمت بڑھا دی ہے، امپورٹڈ حکومت کو آئی ایم ایف سے حکم ملا کہ قیمتیں بڑھاؤ، ہم نے روس سے 30 فیصد سستا تیل لینے کا معاہدہ کیا تھا، امپورٹڈ حکومت نے معاہدہ ختم کیا، بھارت نے روس سے سستا تیل لیا اور قیمتیں کم کیں، بھارت آزاد اور ہم غلام ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج خبر آئی پاکستانی وفد اسرائیل گیا ہے، جب امریکی غلام اوپر بیٹھ جائیں گے تو وہی کریں گے جو حکم آئےگا، بھارت سے سمجھوتہ کر کے یہ کشمیر کو بیچیں گے، یہ اب اسرائیل کو بھی تسلیم کرنے جا رہے ہیں، یہ باشعور قوم کو غلام بنانے جا رہے ہیں، حقیقی آزادی کی جدوجہد کو ہم جہاد سمجھتے ہیں، قوم کرپٹ اور چوروں کیخلاف نکلے گی۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 35 ہزار آنسو گیس کےشیل چلائے، اتنی شیلنگ کے باوجود عوام باہر نکلی، یہ قوم شیلنگ سے نہیں ڈرتی، اس قوم نے خوف کی زنجیریں توڑ دی ہیں، آئی جی اسلام آباد مجرم ہے اس کو نہیں چھوڑیں گے، سب کی تصویریں میرے سامنے ہیں، کسی کو نہیں چھوڑیں گے، اس بار رانا ثنا اللہ ، شریف مافیا اور تشدد کرنیوالے پولیس والے نہیں بچیں گے۔