پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آج ہر صورت ڈی چوک اسلام آباد پہنچنے کا اعلان کر دیا، پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے صوابی پہنچیں گے۔
عمران خان لانگ مارچ کے مرکزی جلوس کی امبار انٹر چینج سے قیادت کریں گے، جلوس اسلام آباد میں کشمیر روڈ سے ہوتا ہوا ڈی چوک پہنچے گا، ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا کے غلاموں کو ہم پر مسلط کردیا گیا، اگر اب نہیں نکلے تو آئندہ نسلیں معاف نہیں کریں گی۔
دوسری جانب حکومت بھی لانگ مارچ روکنے کی سرتوڑ کوششیں کر رہی ہے، لانگ مارچ کو روکنے کیلئے حکومت نے اسلام آباد کو سیل کر دیا، شہر شہر رکاوٹیں کھڑی کر دیں جس کے سبب عام شہریوں کو روز مرہ امور کیلئے آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور سے آزادی مارچ کو روکنے کیلئے پولیس نے نیازی چوک میں ٹرک اور ٹرالے کھڑے کر کے سڑک دونوں اطراف سے بند کر دی۔ بتی چوک میں سو سے زائد ٹرک مختلف راستوں پر کھڑے ہیں، شاہدرہ سے لاہور آنے والے ہزاروں افراد کئی کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرنے پر مجبور ہیں۔ بچے بوڑھے خواتین اور مرد میٹرو ٹریک پر چل کر لاہور پہنچ رہے ہیں۔ بتی چوک میں ہر جانب پولیس کا راج ہے، تحریک انصاف کے کارکنوں کو اسی چوک پہنچنے کی کال دی گئی تھی۔
گوجرانوالہ سے تحریک انصاف کا پہلا بڑا قافلہ چوہدری احمد چھٹہ کی قیادت میں اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگیا، قافلہ ہیڈ خانکی بیراج سے تمام رکاوٹیں توڑتے ہوئے اسلام آباد روانہ ہوا۔ قافلے میں تحریک انصاف گوجرانوالہ کے جنرل سیکرٹری اور سابق ایم پی اے چوہدری طارق گجر اور چوہدری بلال اعجاز شامل ہیں۔ ضلعی صدر میاں ارقم خان،عمیر پرویز ورک،چوہدری رضوان سیان اور اہم رہنما بھی قافلے کے ہمراہ ہیں۔ سابق ایم پی اے طارق گجر کا کہنا تھا کہ پولیس نے قافلے میں شامل 150 افراد کو حراست میں لیا ہے، ہماری منزل اسلام آباد آباد ہے، ہمیں کوئی طاقت یا رکاوٹ نہیں روک سکتی۔