عمران خان کا بیان فرسٹ انفارمیشن، حکومت انکوائری کرانے کو تیار ہے: رانا ثنا

Published On 15 May,2022 10:12 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نےعمران خان کے اپنے قتل کی پلاننگ کے انکشاف کے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ عمران خان کا بیان فرسٹ انفارمیشن کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔ اگر عمران خان نے ایسا بیان دیا ہے تو حکومت اس کی انکوائری کرانے کو تیار ہے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عمران خان کے سیالکوٹ خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ویڈیو ریکارڈ کرنا امریکی سازش جیسا دوسرا فراڈ بیانیہ ہے۔ امریکی سازش کا ڈرامہ کچھ دن چل کر مدھم پڑ گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا بیان فرسٹ انفارمیشن کے طور پر لیا جا سکتا ہے۔ جیسے کوئی جرم ہونے کے بعد ایف آئی آر دی جاتی ہے لیکن بعد میں اس کی تحقیقات کے بعد جرم ثابت ہوتا ہے ۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان نے ایسا بیان دیا ہے تو حکومت اس کی انکوائری کرانے کو تیار ہے۔