اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آۡئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اختلافات کے بعد پرانے ساتھیوں پر الزامات کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کا مقصد اقتدار میں آکر فائدہ اٹھانا تھا، شوگر مافیا کیخلاف انکوائری کی تو ان کا کیس آ گیا، علیم خان راوی میں 300 ایکڑ اراضی لیگل کرانا چاہتے تھے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے انٹرویو میں کہا کہ ٹکٹ ہولڈرز سے حکومت میں آ کر کاروبار نہ کرنے کا حلف لوں گا، پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدار میں آؤں گا، امریکا کو اب پاکستان میں جی حضوری کرنے والے مل گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بہت بڑی سازش باہر سے کی گئی اور یہاں کے میر جعفروں نے ملکر بائیس کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو گرایا کیونکہ ہم آزاد خارجہ پالیسی چلانا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قومیں تباہ تب ہوتی ہیں جب چھوٹے چور کو پکڑ لیں اور بڑے کو چھوڑ دیں، شہباز شریف کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے، شہباز شریف کے نوکروں کے نام پر 16 ارب روپے پکڑے گئے، شہباز شریف برطانیہ میں ہوتا تو کب کا جیل میں ہوتا، اداروں میں کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے افراد بیٹھے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اب جس کو ٹکٹ دوں گا اس سے کاروبار نہ کرنے کا حلف لوں گا، پاکستان کے عوام نے سوشل میڈیا پر اپنی آواز کو بلند کیا، امریکا کی جنگ میں ہمارے 80 ہزار لوگ مارے گئے۔